لطیف کھوسہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل
نجی ٹی وی فوکس نیوز کے مطابق لطیف کھوسہ جو کہ ایک سینئیر وکیل ہیں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزرائے اعظم کو ہٹانے کا کھیل کب تک جاری رہے گا۔ 25 کروڑ عوام کی نظریں عدلیہ کی جانب ہیں، امید کرتے ہیں کہ آج عدلیہ برابر کا انصاف کرے گی۔ قانون پر عملداری اور آئین کی پاسداری کرنیوالا ہمیشہ کیلیے امر ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج چادر اور چار دیواری کو تحفظ حاصل ہے نہ جان و مال کا تقدس ہے۔ میرے گھر پر فائرنگ کروائی گئی، بیٹے کو گولیوں کے نشانے پر لیا گیا۔ مجھے ایک لفٹ میں ایک گھنٹے تک پھنسایا گیا۔
لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ پاک فوج ہماری فوج ہے، آئین میں ان سمیت سب اداروں کی حدود و قیود متعین ہیں۔ جتنی سہولیات جرنیلوں ، ججز یا بیوروکرسی کو ملی ہیں ان کے اصل مالک عوام ہیں جو اپنے پیٹ کاٹ کر ٹیکس کی مد میں جمع کروا کے اقتدار میں موجوس لوگوں کو مراعات دیتے ہیں۔تمام ججز کے فرائض میں شامل ہے کہ عوام کو انصاف فراہم کریں، فوج کے فرائض میں شامل ہے کہ بارڈرز کی بھی حفاظت کریں اور اگر ملک کے اندر سیلاب یا امن و امان کی صورتحال خراب ہونے پر بلایا جاتا ہے تو اپنا فرض منصبی ادا کریں۔
اس سے پہلے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا تو پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا نے لطیف کھوسہ کو پی ٹی آئی کا مفلر پہنایا۔