اس مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی امپورٹڈ حکومت کا بوریا بستر گول ہو جائے گا،رہنما تحریک انصاف
گوجرانوالہ (فوکس نیوز ۔ یکم نومبر 2022ء) تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ ایک طرف کہتے ہیں لانگ مارچ میں لوگوں کی تعداد بہت کم ہے اور دوسری طرف بوکھلاہٹ کا عالم یہ کہ ہے عمران خان کیخلاف رات کو چھپ کر بینرز لگواتے ہیں۔ شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ اس مارچ کی اب عوام وارث ہے،آپ دیکھیں گے کہ مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی امپورٹڈ حکومت کا بوریا بستر گول ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا نام ای سی ایل میں شامل کر لیا گیا۔شہباز گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے،شہباز گل کا نام وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ای سی ایل میں ڈالا گیا۔اسلام آباد انتظامیہ نے شہباز گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی۔
اب شہبازگل نہ زمینی راستے اور نہ ہی ائیر پورٹ کے ذریعے بیرون ملک جا سکتے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل شہباز گل کو متنازع بیان دینے پر گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنی ضمانت کرائی جبکہ شہباز گل کیخلاف بغاوت پر اکسانے کا کیس زیر سماعت ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آبا د کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے شہباز گل کو شناختی کارڈ،عینک اور اے ٹی ایم کارڈ واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔ شہباز گل کی جانب سے دائر کی گئی سپر داری کی درخواست منظورکی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں شہباز گل کی سپرداری کی درخواست پر سماعت ہوئی،ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے درخواست پر سماعت کی۔ شہباز گل کی جانب سے علی بخاری عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے شہباز گل کا شناختی کارڈ،عینک،اے ٹی ایم کارڈ اور روزمرہ کی اشیا واپس کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے 31 اشیا کی فہرست سے جزوی ضروری اشیا شہباز گل کو واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ اسلام آباد پولیس کو متنازع اشیا کو تفتیش کے لیے رکھنے تک اختیار دیا جاتا ہے۔