FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

مذاکرات سے انکار نہیں مگر بے اختیار لوگوں سے نہیں کرنے،شاہ محمود قریشی

تصادم ہمارا مقصد نہیں یہ حکومتی پروپیگنڈا ہے،لانگ مارچ کو منفی رنگ دینے کیلئے منظم منصوبہ بنایا گیا ہے،وائس چیئرمین تحریک انصاف

گوجرانوالہ (فوکس نیوز ۔ یکم نومبر 2022ء) سابق وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کوئی فیس سیونگ ایکسر سائز نہیں،لانگ مارچ میں لوگ پیدل چل رہے ہیں اور تصادم ہمارا مقصد نہیں۔مذاکرات سے انکار نہیں تاہم بے اختیار لوگوں سے مذاکرات نہیں کرنے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پہلے بھی کہا تھا کہ مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے رات کہا کہ ہم کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک یا اداروں کو نقصان ہو۔ ہمارے لانگ مارچ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ خونی مارچ ہے،بدقسمتی سے گزشتہ دنوں افسوسناک حادثہ ہوا جس کا ہمیں دکھ ہے لیکن ہمارے مارچ نے ثابت کیا کہ ہم پر امن ہیں اور پر امن رہیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں پرتپاک استقبال کیا گیا،مسلم لیگ ن کو سمجھ جانا چاہیے کہ اب جی ٹی روڈ وہ نہیں رہا اور ہمارے لانگ مارچ کو منفی رنگ دینے کے لیے منظم منصوبہ تیار کیا گیا اور اگر لانگ مارچ میں آگے کچھ ہوا تو ان کے زیراستعمال لوگ کریں گے۔

گزشتہ دنوں سے بات ہو رہی ہے کہ ایک اور پریس کانفرنس آرہی ہے تو عمران خان کہہ چکے ہیں جو بھی پریس کانفرنس کرے گا خود کو نقصان پہنچائے گا۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے کہا کہ بڑے شہر میں داخلے سے قبل ہمیں بہتر کوریج دینے والے چینلز کو آف ائیر کر دیا جاتا ہے۔ماضی میں بہت غلطیاں ہوئی ہیں اور ہمیں ان سے سیکھنا چاہیے،گوجرانوالہ میں عمران خان کے خلاف وال چاکنگ کی گئی لیکن آپ بیانیے کی جنگ ہار چکے ہیں۔
قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ لانگ مارچ میں اگر اتنے کم لوگ ہیں تو حکومت گھبرا ہوئی کیوں ہے؟ شہبازشریف کو خود یقین نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں،شہباز شریف کے اپنے بچے ان پر اعتبار کر کے ملک میں آنے کو تیار نہیں، لانگ مارچ کو حادثے سے بچا کر منزل تک پہنچانا ضروری ہے۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »