پی ڈی ایم میں باقی جماعتوں کی کوئی حیثیت نظر نہیں آ رہی،تمام اختیارات نواز شریف کے پاس ہیں،رہنما تحریک انصاف
لاہور (فوکس نیوز ۔ 29 اکتوبر 2022ء) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن پہلی شرط انتخابات کا اعلان ہے۔نواز شریف الیکشن کے لیے تیار نہیں ہیں تو پھر بات چیت کیسی؟ پی ڈی ایم میں باقی جماعتوں کی کوئی حیثیت نظر نہیں آ رہی کیونکہ تمام اختیارات نواز شریف کے پاس ہیں۔ فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سب نے دیکھا کہ لوگوں کی توانائی میں کہیں کمی نہیں آئی اور آدھی رات تک ساتھ رہنے پر خواتین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
لوگ ایسا نظام چاہتے ہیں جو عوام کی رائے پر مبنی ہو جبکہ حکمران ہر 10 منٹ بعد پریس کانفرنس کرتے ہیں۔ مارچ میں وہ لوگ بھی نکلے ہیں جو سیاست سے دلچسپی نہیں رکھتے۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا بات چیت کے لیے تیار ہیں تو آپ کیوں تیار ہیں؟ اب تو عوام میں انقلاب آچکا ہے اور عمران خان کی وجہ سے پاکستان سری لنکا نہیں بنا۔
جب نواز شریف الیکشن کے لیے تیار نہیں تو بات چیت کیسی؟۔
انکا کہنا تھا کہ اس وقت مہنگائی پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور اگر عمران خان لیڈ نہ کریں تو لوگ حکمرانوں کو گھسیٹ کر نکالیں۔سیاسی عمل میں اداروں کو ملوث نہیں ہونا چاہیے۔ہم اداروں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے جبکہ حکومت کی جانب سے غیر سنجیدہ کمیٹی بنائی گئی۔رانا ثناء اللہ اور پرویز رشید کے بیانات دیکھتا ہوں تو افسوس ہوتا ہے۔
جن پر خود تشدد ہوا ہو انہیں نہیں تو تشدد کا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ حکمران تو ساری بری ہو گئے ہیں لیکن ان کا کیسز سے بری ہونا کوئی مسئلہ نہیں۔سینئر صحافی چودھری غلام حسین کی گرفتاری ہوئی،اس پر بھی کارروائی کریں گے۔پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنان آسمان کے نیچے بھی ہیں اور انہیں کمروں کی ضرورت نہیں۔لانگ مارچ صرف دن کی روشنی میں ہو گا اور چوہدری پرویز الٰہی گجرات میں ہمارا استقبال کریں گے وہ ہمارے ساتھ ہیں۔اس وقت تمام عالمی میڈیا کا محور ہمارا لانگ مارچ ہے۔