فارن فنڈڈ فتنہ ملک کو اپنی نا اہل حکمرانی کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑنا چاہتا ہے،وفاقی وزیر ریلوے
اسلام آباد (فوکس نیوز ۔ 27 اکتوبر 2022ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تحریک انصاف کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کا مقصد آرمی چیف کی تعیناتی کومتنازعہ بنانا،ریاستی اداروں کو دباؤ میں لا کر اپنے کالے کرتوتوں پر پردہ ڈلوانا اور قانونی کارروائیوں سے بچنے کیلئے این آر او لینا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ فارن فنڈڈ فتنہ پاکستان کو اپنی نا اہل مطلق العنان حکمرانی کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑنا چاہتا ہے،یہ حقیقتاً غلامی مارچ ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ صرف اپنی مرضی کا آرمی چیف لانے کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ کسی انقلاب کیلئے نہیں بلکہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کیلئے ہے۔اس کا انقلاب اس کی 4 سالہ حکمرانی میں عوام دیکھ چکی ہے۔نوازشریف نے مزید کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا عمران خان خود فارن فنڈنگ،توشہ خانہ اور 50 ارب کی ڈکیتی کے ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا چور ثابت ہوا۔نوازشریف کا بیان ایسے وقت میں آیا جب چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور سے لانگ مارچ کے آغاز کا اعلان کیا۔
جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے آغاز کے بعد اس حوالے سے تحریک انصاف کی حکمت عملی کی تفصیلات بھی سامنے آئیں۔تحریک انصاف کا لانگ مارچ ایک ہفتے کی تاخیر یعنی 4 نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے۔ بتایا گیا کہ عمران خان اس دوران پنجاب بھر میں عوامی رابطہ مہم چلا کر عوام کو لانگ مارچ کا حصہ بنائیں گے،چئیرمین تحریک انصاف لانگ مارچ کی تیاریوں کو لاہور سے مانیٹر کریں گے۔