ارشد شریف کے نماز جنازہ میں سیاسی شخصیات، صحافیوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
اسلام آباد(فوکس نیوز ۔ 27 اکتوبر 2022ء) کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سینئر صحافی ارشد شریف کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔صحافی ارشد شریف کی نماز جنازہ کے انتظامات فیصل مسجد کے احاطے میں کیے گئے تھے۔ارشد شریف کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔نماز جنازہ میں سیاسی شخصیات سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
گذشتہ شب ارشد شریف کی والدہ کی جانب سے بھی شہریوں سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ ارشد شریف کی نماز جنازہ میں لازمی شرکت کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ میری خواہش ہے بیٹے کا جنازہ پھولوں سے لدا ہوا ہے۔پاکستان تحریک انصاف بھی لاہور میں سینئر صحافی ارشد شریف کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرے گی ۔
سینیٹر اعجاز چوہدری کے مطابق پارٹی کے جیل روڈ آفس میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
اس سے قبل ارشد شریف کا پمز ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا جس کے بعد ان کا جسد خاکی قائداعظم ہسپتال منتقل کیا گیا، قبل ازیں ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان پہنچنے پر گزشتہ شب ان کے اہل خانہ کے سپرد کردیا گیا تھا، جس کے بعد اہل خانہ کی جانب سے لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جس پر میڈیکل ڈائریکٹر پمز نے پوسٹ مارٹم کے لیے 8 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔
میڈیکل بورڈ کے ارکان میں کلینیشین، سرجنز اور سینئر ترین میڈیکولیگل افسران سمیت 6 سینئر ترین ڈاکٹر شامل تھے جبکہ متوفی کے اہل خانہ کی خصوصی درخواست پر مزید 2 افراد کا اضافہ کیا گیا، جن میں ای این ٹی سرجن اور او ایم ایف ایس سرجن شامل تھے۔ارشد شریف کا جسد خاکی اسلام آباد گولڑہ موڑ کے قریب نجی ہسپتال کے سرد خانے سے پولیس کے حصار میں پمز ہسپتال اسلام آباد روانہ کیا گیا تھا، اس دوران ارشد شریف کے صاحبزادے میت کے ساتھ تھے جبکہ خاندان کے افراد پمز ہسپتال میں موجود تھے۔
جسد خاکی پمز پہنچنے کے موقع پر ہسپتال میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس و ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد اور جوڈیشل مجسٹریٹ بھی پمز ہسپتال مارچری پہنچے تھے۔