قاسم خان اور سلیمان خان والد عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک جائیں گے،والد کے ساتھ وقت گزاریں گے
لاہور(فوکس نیوز۔ 10 نومبر 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے دوونوں بیٹے پاکستان پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق قاسم خان اور سلیمان خان والد عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک جائیں گے۔ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی خبر جب ان کے دونوں بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان کو پہنچی تو پاکستان جانا چاہتے تھے لیکن جب ان کا عمران خان سے رابطہ ہوا تو انہوں نے آنے سے منع کر دیا۔
دونوں بیٹے اب اپنے باپ پر ہونے والے حملے سے بہت پریشان اور غمزدہ تھے۔عمران خان نے انہیں تسلی دی کہ وہ جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔کچھ دیر گفتگو کرنے کے بعد دونوں بیٹوں نے یہ کہہ کر فون رکھ دیا کہ ہمیں آپ پر فخر ہے۔یہ الفاظ سن کر عمران خان نے انہیں کچھ نصیحتیں بھی کیں۔
قاتلانہ حملےکے بعد عمران خان کا برطانیہ میں اپنے بچوں سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا۔
اس سے قبل عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا تھا کہ خوفزدہ کر دینے والی خبر آئی لیکن خدا کا شکر وہ ٹھیک ہیں، عمران خان کے بیٹوں کی طرف سےحملہ آور کوپکڑنے والے بہادر آدمی کا شکریہ۔تاہم آج عمران خان کے دونوں بیٹے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔قاسم خان اور سلیمان خان والد کی عیادت کریں گے اور ان کے ساتھ وقت گزاریں گے۔
قاسم خان اور سلیمان خان کی والد سے لمبے عرصے بعد ملاقات ہو رہی ہے۔عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کورونا کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہو گئی تھی کہ ان کی بیٹوں سے ملاقات نہیں ہو سکی تھی۔عمران خان کو شوکت خانم ہسپتال سے 6 نومبر کو ڈسچارج کردیا گیا جس کے بعد انہیں انتہائی سخت سکیورٹی میں اپنی رہائشگاہ زمان پارک منتقل کیا گیا تھا۔عمران خان کو جمعرات کے روز وزیر آباد میں حملے کے بعد طبی امداد کے لئے لاہور کے شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ چار روز تک زیر علاج رہے