FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

کمرشل صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں 200 فیصد سے زائد کا اضافہ

سوئی ناردرن کی جانب سے گیس کی فی یونٹ قیمت 1283 روپے سے بڑھا کر 3763 روپے کر دی گئی

لاہور (فوکس نیوز۔ 03 نومبر2022ء) کمرشل صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں 200 فیصد سے زائد کا اضافہ۔ تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن کی جانب سے کمرشل صارفین کیلئے گیس کی فی یونٹ قیمت 1283 روپے سے بڑھا کر 3763 روپے کر دی گئی ہے۔ گیس کی قیمت میں 1480 روپے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ کمرشل صارفین کے لیے نیا ٹیرف یکم نومبر سے لاگو ہوجائےگا، کمرشل صارفین ایل این جی کی جگہ آر ایل این جی کا نیاکنٹریکٹ کریں، آرایل این جی کا نیا کنٹریکٹ نہ کرنے والےکمرشل صارف کا کنکشن کاٹ دیا جائےگا، کمرشل صارفین میں فیکٹریاں، دکانیں، ہوٹل، تندور اور دیگرکاروباری ادارے شامل ہیں۔
دوسری جانب سوئی ناردرن انتظامیہ نے گیس بحران سے نمٹنے کیلئے صارفین کو ایل پی جی سلنڈر سپلائی کرنا بھی شروع کر دئیے۔

گیس بحران سے پریشان صارفین کیلئے سوئی ناردرن انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کرلی جس کے تحت صارفین کو ایل پی جی سلنڈر کی سپلائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق گھریلو اور کمرشل صارفین کو موسم سرما میں سرکاری نرخوں پر ایل پی جی گیس سلنڈر فراہم کیے جائیں گے۔

جبکہ حکومت کی جانب سے سردیوں کی آمد پر عوام کو گیس بحران کے حوالے سے بھی خبردار کیا جا رہا ہے۔ وزارت پٹرولیم نے موسم سرما میں گیس کے بڑے بحران کا خدشہ ظاہر کردیا، اس سلسلے میں بتایا گیا کہ سردیوں میں طلب و رسد کے تناسب سے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ذرائع وزارت پٹرولیم کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت رواں برس گیس بحران میں شدت کا خدشہ ہے۔
موسم سرما میں گیس کی دستیابی اور طلب کیا ہوگی، اس کا تخمینہ لگا لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایل این جی کی درآمد کے لیے منصوبہ بندی کر لی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزارت کی جانب سے ترجیحات طے کرلی گئی ہیں کہ بحران کے دوران کس سیکٹر کو کتنی گیس فراہم کی جائے گی۔ سردیوں میں کے شدید بحران کے پیش نظر تیار کیا گیا ،گیس لوڈ مینجمنٹ پلان یکم نومبر سے 15 فروری 2023 تک کیلئے ہوگا۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں سیلاب کی وجہ سے گیس کی دستیابی اور سپلائی متاثر ہو سکتی ہے ، آئندہ موسم سرما میں گیس کی مجموعی یومیہ طلب 8 ارب جب کہ مجموعی پیداوار 3 ارب 75 کروڑ کیوبک فٹ ہونے کا امکان ہے۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »