عمران خان کا 9 مئی مقدمات میں پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار

عمران خان کا 9 مئی مقدمات میں پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق مقدمات میں پولی گرافک (جھوٹ پکڑنے والے) ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ لاہور پولیس کی 11 رکنی تفتیشی ٹیم، ڈی ایس پی آصف جاوید کی قیادت میں، اڈیالہ جیل پہنچی تھی تاکہ عدالت کی اجازت کے بعد یہ ٹیسٹ کیا جا سکے ۔
جیل ذرائع کے مطابق، عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے وکلا کی غیر موجودگی میں کسی بھی تفتیشی عمل میں شامل نہیں ہوں گے۔ جب جیل عملہ انہیں سیل سے باہر لانے گیا تو انہوں نے آنے سے انکار کر دیا ۔
یاد رہے کہ 14 مئی کو لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے عمران خان کے پولی گرافک اور فوٹوگرافک ٹیسٹ کی اجازت دی تھی۔ پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سچائی جانچنے کے لیے یہ سائنسی ٹیسٹ ضروری ہیں ۔
عمران خان کے وکیل، بیرسٹر سلمان صفدر، نے عدالت میں ان ٹیسٹوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو سال بعد ایسی درخواست بدنیتی پر مبنی ہے ۔
9 مئی 2023 کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن میں فوجی تنصیبات اور سرکاری املاک کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان واقعات کے بعد عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت کے خلاف مختلف مقدمات درج کیے گئے ہیں ۔