ایلون مسک: آئندہ 5 برسوں میں روبوٹس انسانی سرجنز سے بہتر ہوں گے

ایلون مسک: آئندہ 5 برسوں میں روبوٹس انسانی سرجنز سے بہتر ہوں گے
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں روبوٹس انسانی سرجنز سے بہتر کارکردگی دکھانے لگیں گے۔ انہوں نے یہ دعویٰ سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ کے جواب میں کیا، جس میں میڈٹرانک کمپنی کے روبوٹ “ہیگو” کی کامیاب سرجریوں کا ذکر تھا۔ ہیگو نے 137 حقیقی سرجریوں میں 98.5 فیصد کامیابی حاصل کی، جو مقررہ ہدف 85 فیصد سے کہیں زیادہ ہے۔
مسک نے مزید کہا کہ ان کی کمپنی نیورالنک نے دماغ میں الیکٹروڈز لگانے کے لیے روبوٹ کا استعمال کیا، کیونکہ اس عمل میں درکار رفتار اور درستگی انسانی ہاتھوں سے ممکن نہیں تھی۔
اگرچہ مسک کا یہ دعویٰ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے، لیکن طبی ماہرین اور سرجنز نے اس پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ روبوٹس مکمل خودمختار نہیں ہیں بلکہ انسانی سرجنز کے زیرِ نگرانی کام کرتے ہیں، اور پیچیدہ فیصلوں کے لیے انسانی فہم و فراست ناگزیر ہے۔