FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

’کون بنے گا کروڑ پتی،‘ آٹھویں جماعت کے طالب علم نے ریکارڈ قائم کردیا

ہندوستان کے مشہور ترین گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں ایک 14 سالہ لڑکے نے ایک کروڑ روپے جیت کرنیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق آٹھویں جماعت کے طالبِ علم ماینک گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں ایک کروڑ روپے جیتنے والے سب سے کم عمر ترین شخص بن گئے ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال امیتابھ بچن کی میزبانی میں اس گیم شو کا 15 واں ایڈیشن ٹیلی ویژن پر ان دنوں نشر کیا جا رہا ہے۔

ماینک انڈیا کی ریاست ہریانہ کے رہنے والے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پروگرام کے ایک ٹریلر میں وہ امیتابھ بچن کو بتا رہے ہیں کہ ’صرف ایک چیز جس سے آپ کسی بھی جگہ فرق پیدا کرسکتے ہیں وہ آپ کا علم ہی ہے۔‘
شو کے دوران امیتابھ بچن کے ایک سوال کے جواب میں ماینک کے والد کا کہنا تھا کہ ’اس کے سکول اُستاد بھی کہتے ہیں کہ یہ لڑکا ہمیشہ ہم سے بھی دو قدم آگے ہی رہتا ہے۔‘
پروگرام کے دوران 14 برس کے اس لڑکے نے 15 سوالوں کے درست جوابات دیے اور ایک کروڑ روپے جیتے۔ اس کے بعد جب امیتابھ بچن نے اُن سے 7.5 کروڑ روپے کے لیے 16 واں سوال پوچھا تو ماینک نے معذرت کرلی اور ایک کروڑ روپے پر کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

ماینک نے پروگرام کے اختتام پر کہا کہ وہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کیونکہ انہیں ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں اپنی معلومات اور علم کو دکھانے کا موقع ملا۔
’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کا شمار انڈیا کے مقبول ترین پروگراموں میں ہوتا ہے جو سنہ 2000 سے اب تک جاری ہے۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »