انگلینڈ کیخلاف فائنل کیلئے جو پلان بنایا ہے اس پر عمل کرنا ہے، فائنل میں سو فیصد کارکردگی دکھائیں گے : قومی کپتان
میلبورن (فوکس نیوز ۔ 12 نومبر 2022ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف فائنل میں سو فیصد کارکردگی دکھائیں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میلبرن میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ میچ کا پریشر ہوتا ہے لیکن کوشش کریں گے کہ دباؤ نہ لیں۔ اس ورلڈ کپ کو 1992ء کے ورلڈ کپ سے تشبیہہ دی جارہی ہے، ہم نروس نہیں ہیں۔
بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف فائنل کے لیے جو پلان بنایا ہے اس پر عمل کرنا ہے۔ سارے کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔
انگلینڈ بہترین ٹیم ہے ہماری ان سے ہوم سیریز ہوچکی ہے۔ فائنل میں اپنا سو فیصد دیں گے۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ابتدائی 6 اوور بہت اہم ہیں۔ ہمارا کام محنت کرنا ہے نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں ٹاس کی اہمیت زیادہ نہیں ہے۔
موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں لیکن دعا ہے کہ میچ بارش سے متاثر نہ ہو اور مکمل ہو۔ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کے سوال پر کپتان نے کہا کہ رمیز راجہ سے ملاقات خوشگوار رہی، انہوں نے یہی کہا کہ کھل کر کھیلیں، اپنے گیم پر قائم رہیں۔