قانون کے مطابق نااہل شخص پارٹی چیئرمین کا عہدہ نہیں رکھ سکتا، نواز شریف کے معاملے میں عمران خان نے درخواست دائر کی تھی اور نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا تھا.درخواست گزار
لاہور(فوکس نیوز۔03 نومبر ۔2022 ) لاہور ہائی کورٹ نے توشہ خان ریفرنس میں نااہلی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے. سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے شہری محمد آفاق کی درخواست پر سماعت کی ایڈووکیٹ محمد آفاق ایڈووکیٹ کی جانب سے گزشتہ روز 3 صفحات پر مشتمل درخواست دائر کی گئی تھی.
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کردیا ہے اور قانون کے مطابق نااہل شخص پارٹی چیئرمین کا عہدہ نہیں رکھ سکتا، نواز شریف کے معاملے میں عمران خان نے درخواست دائر کی تھی اور نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا تھا. عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے-95 سے نااہل قرار دیا گیا تھا انہوں نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان تحریک انصاف کی سربراہی کرکے قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں.
انہوں نے استدعا کی تھی کہ عدالت عمران خان کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹائے اور الیکشن کمیشن کو پاکستان تحریک انصاف کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کا حکم دے شہری کی درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق موقف سننے کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا.
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے متفقہ فیصلہ سنایا تاہم فیصلہ سناتے وقت 4 ارکان موجود تھے کیونکہ رکن پنجاب بابر حسن بھروانہ طبیعت کی خرابی کے باعث کمیشن کا حصہ نہیں تھے. الیکشن کمیشن نے عمران خان کو آئین پاکستان کے آرٹیکل 63 کی شق ایک کی ذیلی شق ”پی“ کے تحت نااہل کیا جبکہ آئین کے مذکورہ آرٹیکل کے تحت ان کی نااہلی کی مدت موجودہ اسمبلی کے اختتام تک برقرار رہے گی یوں فیصلے کے تحت عمران خان کو قومی اسمبلی سے ڈی سیٹ کر دیا گیا اور ان کی نشست خالی قرار دے کر الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب کروائے گا.