FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

لانگ مارچ شرکاء کے اسلام آباد میں قیام کیلئے بڑی خیمہ بستی لگانے کا فیصلہ

خواتین کیلئے محفوظ اور سہولیات سے آراستہ الگ قیام گاہ بنے گی‘ خوراک کی تیاری کیلئے الگ حصے اور سینکڑوں بیت الخلاء تعمیر ہوں گے‘ کئی روز قیام کیلئے خوراک و بستر کے ذخیرے کیلئے اسٹورز بھی بنائے جائیں گے

اسلام آباد ( فوکس نیوز ۔ 03 نومبر 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف نے لانگ مارچ کے شرکاء کے اسلام آباد میں قیام کے لیے بڑی خیمہ بستی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل اسد عمر کی زیر صدارت لانگ مارچ کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں لانگ مارچ کے شرکا کے اسلام آباد میں قیام کیلئے بڑی خیمہ بستی لگانے کا فیصلہ کیا گیا، خواتین کیلئے محفوظ اور سہولیات سے آراستہ الگ قیام گاہ کی تعمیر کی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ مارچ کے شرکاء کے قیام کیلئے ہزاروں گاڑیوں کی پارکنگ کا بندوبست بھی کیا جائے گا، خیمہ بستی میں خوراک کی تیاری کیلئے الگ حصے مختص کیے جائیں گے، مارچ کے شرکا کیلئے خیمہ بستی میں سیکڑوں بیت الخلاء بھی تعمیر کیے جائیں گے، خیمہ بستی میں مختلف مقامات پر خصوصی طبی کیمپس لگائے جائیں گے، اس کے علاوہ خیمہ بستی میں کئی روز تک کے قیام کیلئے خوراک و بستر کے ذخیرے کیلئے اسٹورز قائم ہوں گے۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو جلسے اور دھرنے کا این او سی جاری کرنے کے لیے 39 شرائط رکھی ہیں، پی ٹی آئی کو جلسے اور دھرنے کی اجازت کے لیے این اوسی سے متعلق اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے 4 صفحات پر مشتمل پر شرائط نامہ تیار کیا گیا ہے، جس میں اسلام آباد انتظامیہ نے جلسے اور دھرنے کا این او سی جاری کرنے کے لیے 39 شرائط رکی ہیں شرائط پر عمل درآمد کی یقینی دہانی کے حوالے سے بیان حلفی پر عمران خان کے دستخط لازمی قرار دیے گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ اپنی شرائط میں اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسے کی اجازت ایک دن کے لیے ہوگی جہاں لاؤڈ اسپیکر کا استعمال ممنوع ہو گا، جلسے میں مذہب سے متعلق بیانات بازی سے گریز کیا جائے، جلسے میں کسی قسم کےاسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی، جلسے اورمارچ میں کسی قومی یا پارٹی پرچم نذر آتش نہ ہو، پی ٹی آئی کے اسٹیج پر کون موجود ہوگا یہ بھی انتظامیہ کی اجازت سے مشروط ہوگا۔
اس ردعمل میں پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت میں جلسے اور دھرنے کی اجازت کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کی شرائط کو مضحکہ خیز قرار دے دیا، وزیرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء فواد چوہدری نے کہا کہ پیر سے ہم اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے، جس کی اجازت کے لیے حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں مضحکہ خیز شرائط پیش کی ہیں، شرط لگائی کہ اسٹیج پر 12 لوگ ہوں اور وہ بھی انتظامیہ طے کرے گی، یہ ن لیگ کا اجتماع نہیں کہ چار لوگ ہوں گے یہاں لاکھوں لوگ ہوں گے، ہمارا مارچ پرامن ہے جس میں لوگ بڑی تعداد میں ہمارے ساتھ ہیں، یہ ملکی تاریخ میں سب سے بڑا مارچ ہوگا کیوں کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ہر پاکستانی شامل ہے، اسی لیے لاہور سے وزیرآباد تک لاکھوں لوگ مارچ میں شامل ہوئے۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »