ایلون مسک نے ٹوئٹر صارفین کے اکاؤنٹس کی تصدیق کیلئے 8 ڈالر ماہانہ فیس وصول کرنے کا اعلان کر دیا
سان فرانسسكو (فوکس نیوز ۔ 02 نومبر2022ء) ٹوئٹر نے ویریفائیڈ صارفین سے 8 ڈالر ماہانہ فیس وصول کرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ٹوئٹر صارفین کے اکاؤنٹس کی تصدیق کیلئے 8 ڈالر ماہانہ فیس وصول کی جائے گی۔ایلون مسک نے کہا کہ بلیو ٹِک ہونے کا موجودہ نظام فضول ہے،نیا منصوبہ ٹوئٹر کو مواد تخلیق کرنے والوں کو آمدنی کا سلسلہ دے گا۔
مین پوسٹ کا جواب دینے اور تلاش کرنے میں ترجیح بھی شامل کی جائے گی۔اس ترجیح کو شامل کرنے کا مقصد جعلسازی کو روکنا ہے۔
انہوں نے شکایت کرنے والے تمام صارفین کو ایک اور ٹوئٹ کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ آپ شکایت کرتے رہیں لیکن ماہانہ فیس 8 ڈالر ہی ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھی کہ ٹوئٹر پر بلیو ٹک طریقہ میں تبدیلی ہونے والی ہے اور آئندہ ٹوئٹر اکاؤنٹ ویریفیکیشن کے لیے 20 ڈالر ادا کرنے پڑیں گے۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر کے بلیو ٹک والے صارفین پر فیس عائد کرنے کے لیے نیا سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔ایلون مسک نے فیس عائد کرنے کے لیے انجینئرز کو 7 نومبر کی ڈیڈ لائن دی تھی،ڈیڈ لائن تک پراجیکٹ پورا نہ کرنے کی صورت میں ایلون مسک نے انجینئرز کو برطرف کرنے کی وارننگ بھی دی۔ایلون مسک نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے تصدیقی طریقہ کار کو نئے سرے سے بنایا جارہا ہے۔
دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں تبدیلیاں لانے کا کہا تھا۔دوسری جانب ناقدین نے کہا کہ اس اقدام سے قابل اعتماد ذرائع کی شناخت اور تصدیق مشکل ہو جائے گی۔ہائی پروفائل شخصیات کے لیے تصدیق شدہ یا بُلیو ٹِک کا یہ فیچر فی الحال مفت ہے۔جلد یہ سبسکرپشن سروس امریکا،کینیڈا،آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے صارفین کے لیے متعارف کروا دی جائے گی۔