ایک شخص ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے ہرلائن عبور کر رہا ہے،اس شخص کو نہ تو ملک کی سالمیت کی فکر ہے نہ ملک کے اداروں کی، اداروں کی بقا سے ہی ملک کی بقا ہے،ہم دشمن کی اس سازش کو بھی ناکام بنائیں گے۔سابق صدر آصف زرداری کا بیان
اسلام آباد(فوکس نیوز ۔ 05 نومبر2022ء) سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے ملکی ا داروں کے خلاف زہر افشانی کی مذمت کی گئی ہے۔آصف زرداری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک شخص ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے ہرلائن عبور کر رہا ہے۔اس شخص کو نہ تو ملک کی سالمیت کی فکر ہے نہ ملک کے اداروں کی،اس شخص کو صرف اقتدار اقتدار اور اقتدار کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا، اداروں کی بقا سے ہی ملک کی بقا ہے،سابق صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ ہم کسی صورت بھی اداروں پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔
1947سے لے کر اب تک ہم نے اور اداروں نے ملکر دشمن کا مقابلہ کیا۔دشمن نے اس دفعہ اندر کے لوگوں سے ہی حملہ کروایا،ہم اپنی پاک فوج کی قربانیوں اور شہادتوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے ، ہم دشمن کی اس سازش کو بھی ناکام بنائیں گے۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے الزامات پر ردعمل دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے ادارے اور افسر کیخلاف الزامات ناقابل قبول ہیں۔ پاکستان کی فوج ایک انتہائی پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل تنظیم ہونے پر فخر کرتی ہے، ادارے کا ایک مضبوط اور انتہائی موثر اندرونی احتسابی نظام ہے، وردی پوش اہلکاروں کے ذریعے غیرقانونی کارروائیوں کیلئےاحتسابی نظام موجود ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اگر مفاد پرستوں کی جانب سے فضول الزامات کے ذریعے اس کے عہدے داروں کی عزت، حفاظت اور وقار کو داغدار کیا جا رہا ہے تو یہ ادارہ اپنے افسروں اور سپاہیوں کی حفاظت کرے گا۔ ادارے اور اہلکاروں پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات انتہائی افسوسناک ہیں، یہ عمل قابل مذمت ہے، کسی کو بھی ادارے یا اس کے سپاہیوں کی بے عزتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔