FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

عمران خان کے اداروں سے متعلق بیانات پر تبادلہ خیال،نواز شریف نے عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی

اسلام آباد (فوکس نیوز ۔ 05 نومبر2022ء) وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے،دونوں رہنماؤں نے عمران خان کے اداروں سے متعلق بیانات پر تبادلہ خیال کیا۔ دنیا نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ ٹیلیفونک رابطے میں نواز شریف نے شہباز شریف کو عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ آئی ایس پی آر کے بیان کی بنیاد پر حکومت تمام قانونی تقاضے پورے کرے۔
ریاستی اداروں کیخلاف عمران خان نفرت پھیلا رہا ہے،یہ شخص فوج اور عوام کو آمنے سامنے لا کر خونی انقلاب کی باتیں کر رہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان سکیورٹی رسک بن گئے ہیں،ان کیخلاف کارروائی کر رہے ہیں،جبکہ وزیر اعظم نے آج لاہور میں اعلٰی سطح اجلاس طلب کر لیا جس میں عمران خان کے بیانات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے الزامات پر ردعمل دیا گیا۔آئی ایس پی آر اعلامیہ کے مطابق ادارے پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں،عمران خان کے ادارے اور مخصوص افسر کے خلاف بیانات ناقابل قبول ہیں،حکومت اس معاملے کی تحقیقات کرے۔اہلکاروں کے خلاف ہتک عزت اور جھوٹے الزامات کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے ادارے اور افسر کیخلاف الزامات ناقابل قبول ہیں۔پاکستان کی فوج ایک انتہائی پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل تنظیم ہونے پر فخر کرتی ہے۔ادارے کا ایک مضبوط اور انتہائی موثر اندرونی احتسابی نظام ہے،وردی پوش اہلکاروں کے ذریعے غیرقانونی کارروائیوں کیلئے احتسابی نظام موجود ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اگر مفاد پرستوں کی جانب سے فضول الزامات کے ذریعے اس کے عہدے داروں کی عزت،حفاظت اور وقار کو داغدار کیا جا رہا ہے تو یہ ادارہ اپنے افسروں اور سپاہیوں کی حفاظت کرے گا۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »