FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل، نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ گر گئی

میچ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جارہا ہے

سڈنی (فوکس نیوز۔ 9 نومبر 2022ء ) ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ فن ایلن نے پہلی ہی گیند پر چوکا لگایا لیکن اگلی گیند پر امپائر نے انہیں آؤٹ دیا البتہ انہوں نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا کیونکہ ان کے بلے سے لگنے کے بعد پیڈ پر لگی تھی۔ تاہم اگلی ہی گیند پر ایک مرتبہ پھر گیند ان کے پیڈ سے ٹکرائی اور امپائر نے انہیں دوبارہ ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا، ایلن نے اس مرتبہ بھی ریویو لیا لیکن اس بار تھرڈ امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا جبکہ کیوی ٹیم اہم ریویو سے بھی محروم ہو گئی۔
اس کے بعد ڈیون کونوے کا ساتھ دینے کپتان کین ولیمسن آئے ہیں اور دونوں کھلاڑیوں نے مل کر اسکور کو 38 تک پہنچایا۔

پاور پلے کی آخری گیند پر شاداب خان کی براہ راست تھرو نے کونوے کی اننگز کا خاتمہ کردیا، کونوے نے 20 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔ اس سے قبل سڈنی میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا ہدف دیکر پاکستان کو پریشر میں لیکر آئیں۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی جلد وکٹیں گرا کر دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے تاکہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی کو ممکن بنائیں۔ قبل ازیں ٹی20 ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں 6 مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی ہیں، جس میں قومی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ پاکستان نے حریف ٹیم کو 4 مرتبہ شکست دی ہے جبکہ کیویز 2 بار کامیابی سمیٹ چکے ہیں۔
پاکستانی سکواڈ کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل ہے جب کہ نیوزی لینڈ کا سکواڈ کپتان کین ولیمسن، فن ایلن، ڈیون کونوے، گلین فلپس، ڈیرل مچل، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ پر مشتمل ہے ۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »