پہلے 4 لوگوں نے مجھے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا، اب مزید 3 لوگ مجھے قتل کروانا چاہتے ہیں، عمران خان کا انکشاف
لاہور (فوکس نیوز۔ 08 نومبر 2022ء) عمران خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان پر ہونے والے حملے کے پیچھے کل 7 لوگ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ترک ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں خود پر ہونے والے حملے کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا گیا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ پر ہونے والے حملے کے پیچھے کل 7 لوگ ہیں، پہلے 4 لوگوں نے مجھے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا، اب مزید 3 لوگ مجھے قتل کروانا چاہتے ہیں، 3 لوگوں کا نام میں نے عوام کو بتا دیا ہے، یہ تینوں مذہب کا سہارا لیکر مجھے مروانا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے انکشاف کیا کہ اگر میرے پاس بلٹ پروف گاڑی بھی ہو تو مارنے والے بہت زیادہ طاقتور لوگ ہیں، گزشتہ 5 سے 6 ماہ کے دوران اپنی مہم کے دوران مجھے کہا گیا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے، ریلی میں گئے تو آپ کو قتل کیا جا سکتا ہے۔
لیکن میں نے فیصلہ کیا کہ میں اپنی حقیقی آزادی کی مہم کو کسی صورت نہیں روکوں گا، قوم اپنی آزادی پر کوئی کمپرومائز نہیں کر سکتی۔
میں نے اپنی حکومت ختم ہونے کے بعد ہی علی الاعلان کہا تھا کہ میرے قتل کی تیاری کی ہوئی ہے، یہ تیاری چار لوگوں نے بند کمرے میں کی ہے، اس بات کو عوام میں مئی اور جون کے دوران سامنے لے آیا تھا۔ پی ٹی آئی چئیرمین نے کہا کہ حکمران کہہ رہے ہیں میں الزام لگا رہا ہوں، میں یہاں بتاتا چلوں کہ میں اپنے اوپر ہونے والے حملے کی ایک آزادانہ تحقیقات چاہتا ہوں، حملے کے بعد معاملے پر کیوں پردہ ڈالا جا رہا ہے؟ میں نے 24 ستمبر کو عوام کی ریلی میں مخاطب ہو کر کہا کہ میرے ساتھ کیا ہونے والا ہے، اس کے اسکرپٹ سے متعلق عوام کو آگاہ کیا، اس اسکرپٹ میں بتایا کہ حکمران طبقہ کہے گا کہ میں نے کوئی مذہب سے متعلق بات کر دی ہے۔