سکیورٹی کا جائزہ مناسب ہے، ہم وہی حفاظتی لائن اختیار کریں گے جو انگلینڈ کرکٹ حکام کر رہے، جس سے ہمیں رہنمائی ملے گی: کوچ بلیک کیپس گیری سٹیڈ
لاہور (فوکس نیوز ۔ 15 نومبر 2022ء ) نیوزی لینڈ کرکٹ کے حکام نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے باوجود وہ اب بھی اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، دورے کے انتظامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے لیکن وہ آنے والے دورے سے قبل اور اس کے دوران سکیورٹی کا جائزہ اور نگرانی جاری رکھیں گے۔ بلیک کیپس کے کوچ گیری سٹیڈ کو یقین ہے کہ سکیورٹی کا جائزہ مناسب ہے۔
ہم وہی حفاظتی لائن اختیار کریں گے جو انگلینڈ کرکٹ حکام کرر ہے، جس سے ہمیں رہنمائی ملے گی ۔ نیوزی لینڈ کو 20 سال بعد دورہ پاکستان میں دسمبر اور جنوری میں دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچ کھیلنا ہے۔ پہلا ٹیسٹ 27 دسمبر سے شروع ہوگا۔ یاد رہے کہ 3 نومبر کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔
افسوسناک واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
گولی لگنے سے سابق وزیراعظم عمران خان ، فیصل جاوید اور عمران اسماعیل بھی زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق مسلح شخص نےسب سے پہلے کنٹینر پر بائیں جانب سے برسٹ مارا ، اس کے بعد ایک گولی بھی چلائی۔ حملہ آور کی شناخت فیصل بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے دو حملہ آوروں کو حراست میں لیا ہے۔ دوسرے حملہ آور کی شناخت نوید ولد مختیار کے نام سے ہوئی ہے جو کہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کے دائیں پاؤں پر گولی لگی ۔ واقعے کے بعد پی ٹی آئی قیادت نے عمران خان کو فوری طور پر ریسکیو کرتے ہوئے کنٹینر سے اتار کر گاڑی میں پہنچایا اور مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق زیادہ تر پی ٹی آئی رہنماؤں کے جسم کے نچلے حصے پر گولیاں لگی ہیں۔