پولیس نےغلام سرور خان، زلفی بخاری، واثق قیوم سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے
اسلام آ باد(فوکس نیوز۔ 08 نومبر2022ء) اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے غلام سرور خان، زلفی بخاری، واثق قیوم سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے۔علی امین گنڈا پور اور پرویز خٹک اسلام آباد پولیس کو پہلے ہی مقدمات میں مطلوب ہیں۔
ذرائع کے مطابق عوام الناس کی بڑی تعداد وفاقی حکومت سے سڑکیں کھلوانے کے لیے اپیل کر رہی ہے۔وفاقی حکومت کی اجازت سے اسلام آباد پولیس، رینجرز اور ایف سی موٹروے کھلوا سکتی ہیں۔اسلام آباد میں معمول کے مطابق کاروبار اور ٹریفک کی آمدورفت جاری ہے۔یہاں واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے احتجاج کا اعلان کیا ہے جب کہ وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا فیصلہ کر لیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے حوالے سے فہرستیں اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دی گئیں فہرست میں پرویز خٹک، علی امین گنڈا پور، شیخ راشد شفیق، عامر ڈوگر، علی نواز اعوان اور عامرکیانی کے نام شامل ہیں۔ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔وفاقی دارالحکومت اور اسلام آباد ائیرپورٹ کےراستے بند کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے پر اتفاق کیا گیا۔
علاوہ ازیں ترجمان اسلام آباد پولیس نے شہر کی صورتحال اور ممکنہ احتجاج پر اپنے بیان میں کہاہے کہ بلا اجازت احتجاج کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیاسی جماعت کے رہنماؤں نے اسلام آباد آمدورفت کے راستے بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس وجہ سے اسلام آباد کے شہریوں، طلبہ اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہٰذا سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہوں کی صورتحال جاننے کے لیے پکار 15 پر کال کریں۔