آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں،ایٹمی اثاثوں کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی قوانین کااحترام کرتے ہیں۔آئی ایس پی آر
راولپنڈی (فوکس نیوز۔ 18 اکتوبر2022ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں ملک کی داخلی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کانفرنس میں بارڈر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بدترین سیلاب اور امدادی کاموں میں فارمیشنز کی کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
کور کمانڈرز کو سیلاب کی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس میں سیلابی صورتحال میں آرمی کی سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کوسراہا گیا۔کانفرنس کے شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی یقینی بنائی جائے گی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک افواج وطن کا دفاع کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ۔
پاک فوج ہر خطرے سے مادر وطن کا دفاع یقینی بنائے گی۔ پاک افواج وطن کا دفاع کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔آرمی چیف نے فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ایٹمی اثاثوں کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی قوانین کااحترام کرتے ہیں، ۔شرکا نے نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
کانفرنس میں شرکاء نے کہا کہ پاکستان ایک طاقتور ایٹمی ریاست ہے،پاکستان کا موثر نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ہے۔ملک میں اسٹریٹجک اثاثوں کا جامع نظام قائم ہے۔ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ذمہ دار ملک ہے۔جبکہ کورکمانڈر کانفرنس میں سرحدوں پر سیکیورٹی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، کورکمانڈر کانفرنس میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔