شدید فائرنگ کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے،آئی ایس پی آر
ڈیرہ اسماعیل خان فوکس نیوز ۔ 29 اکتوبر 2022ء) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درہ زندہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ ہوئی،شدید فائرنگ کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے درہ زندہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شہید ہونے والوں میں نائیک ساجد حسین اور سپاہی محمد اسرار شامل ہیں۔33 سالہ شہید نائیک ساجد حسین کا تعلق خوشاب سے اور 26 سالہ سپاہی محمد اسرار کا تعلق اٹک سے تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے علاقے کی کلیئرنس جاری ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سکیورٹی فورسز نے پشاور میں آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک کیا، ہلاک دہشتگرد سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے متنی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس اطلاعات پرآپریشن کیا،آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک کردیا گیا، ہلاک دہشتگرد سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے ۔
جبکہ دہشت گردوں نے حسن خیل میں فوجی کانوائے پر فائرنگ کی ۔ پاک فوج کے کانوائے پر فائرنگ کرنے والے 3 دہشت گرد مارے گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے ۔ پاک فوج کے دستوں نے بروقت جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے ۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود برآمد ہوا ۔مارے جانے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں براہ راست ملوث تھے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد پناہ شہید ہوئے جن کی عمر 30 سال اور وہ جعفر آباد کے رہائشی تھے۔سپاہی شمس اللہ کی عمر 36 سال تھی اور وہ وزیرستان کے رہائشی تھے۔دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا۔