اسٹور میں موجود گندم کو کیڑے لگ گئے،یہ گندم پنجاب سستا آٹا اسکیم میں بھی استعمال کی جا رہی ہے
لاہور (فوکس نیوز۔ 23 اکتوبر 2022ء) لاہور میں کروڑوں روپے مالیت کی گندم پڑے پڑے خراب ہوگئی۔صوبائی دارالحکومت میں کروڑوں روپے مالیت کی گندم خراب ہوگئی ہے اور اسٹور میں موجود گندم کو کیڑے لگ گئے ہیں۔ سماء نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ خراب ہونے والی گندم جس میں کیڑے پڑ چکے ہیں،پنجاب سستا آٹا اسکیم میں بھی استعمال کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ 20 اکتوبر کو وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھا جس میں وفاقی حکومت سے پنجاب کو 10 لاکھ ٹن گندم فراہمی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ وزیراعلٰی نے اپنے خط میں لکھا کہ پنجاب کو 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم فوری فراہم کی جائے اور باقی 7 لاکھ ٹن گندم بھی مرحلہ وار فراہم کی جائے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ اس حوالے سے وزرات نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور پاسکو کو ہدایات جاری کی جائیں اور پنجاب میں گندم کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے بھی گندم کے معاملے پر وفاق کو خط لکھے جانے کی تصدیق کی اور کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت پنجاب کے لوگوں پرظلم کر رہی ہے۔وفاقی حکومت نے ہمیں گندم میں اپنا حصہ دینے سے انکار کیا اور ہمیں گندم درآمد کرنے کی اجازت بھی نہیں دے رہے۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گندم کا بحران پیدا ہو رہا ہے،امید ہے وفاق کو وزیراعلٰی پنجاب کے خط سے بہتراحساس ہوگا۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت گندم کے معاملے پر پہلا مراسلہ 18جون،دوسرا 19 ستمبر اور تیسرا 4 اکتوبر کو متعلقہ اداروں کو لکھ چکی ہے جبکہ وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی بھی کئی بار میڈیا سے گفتگو میں گندم کے معاملے پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں،اور کہا کہ وفاق نے تمام صوبوں کو گندم دے دی،سندھ سمیت دیگر صوبوں کو گندم دی تو پنجاب میں گندم دینے میں کیا تکلیف ہے،ہم نے کہا پیسے نہ دیں صرف اجازت دے دیں۔