نواز شریف سے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور عمران خان کے لانگ مارچ پر مشاورت کریں گے
اسلام آباد (فوکس نیوز ۔ 09 نومبر 2022ء) وزیراعظم شہباز شریف مصر کا دورہ مکمل کرکے لندن پہنچ گئے ہیں،وزیر اعظم لندن کے نجی دورے کے دوران مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کریں گے اور اہم امور پر مشاورت بھی ہو گی۔ ایکسپریس نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال ہو گا۔
ملاقات میں نواز شریف سے عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا نجی دورہ لندن ایک دن سے زیادہ طویل بھی ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ مصر کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان کو پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعاون کی دعوت دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے دو روزہ دورہ مصر کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر فیصلے کیے جائیں۔
وزیراعظم نے دورے کے دوران کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ رسمی اور غیر رسمی گفتگو کی،دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعطم نے کئی اعلٰی سطح کی تقاریب میں شرکت کی اور بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات چیت کی۔وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی اور کمزور کمیونٹیز کی پائیداری پر گول میز مباحثے کی صدارت کی اور مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو سمٹ میں شرکت کی۔ پاکستان کےنقطہ نظر کو مضبوطی کے ساتھ پیش کیا۔شہباز شریف نے حکومت کے بحالی اور تعمیر نو کے منصوبوں کا ذکر کیا۔شرم الشیخ ایئرپورٹ پر مصر کی حکومت اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو الوداع کیا۔