FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سماعت کی،درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا

لاہور (فوکس نیوز ۔ 03 نومبر 2022ء) لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے درخواست گزار وکیل کو ہدایت کی کہ عمران خان کوآرٹیکل 63 ون تھری کے تحت نا اہل کیا گیا وہ پڑھ کر سنائیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عمران خان آرٹیکل62، 63 کے تحت اب پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیسے نہیں رکھ سکتے؟عدالت کو مطمئن کریں، جس پر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مجھےعبوری ریلیف فی الحال بیشک نہ دیں مگرفریقین کو نوٹس جاری کردیں۔لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔درخواست گزار آفاق ایڈووکیٹ نے اپنی پٹیشن میں تحریک انصاف کو نیا چیئرمین مقرر کرنے کا حکم دینے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کردیا ہے اس لیے وہ اب چیئرمین کا عہدہ اپنے پاس رکھنے کا قانونی جواز نہیں رکھتے، جس کی بنیاد پر عدالت عمران خان کو چیئرمین تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹائے اور تحریک انصاف کو پارٹی کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کا حکم دے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دیا تھا،الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 63 پی کے تحت نااہل قراردیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی قومی اسمبلی کی سیٹ خالی قرار دیا گیا، الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا، اپنے فیصلے میں الیکشن نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی 5 رکنی کمیشن کا متفقہ فیصلہ ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے غلط گوشوارے جمع کروائے،عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔ جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان نے نااہلی کے فیصلے کو غیرقانونی قرار دینے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں استدعا کر رکھی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے نا اہلی کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا،جس میں نا اہلی کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور عدالت نے حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن و دیگر فریق 10 نومبر تک جواب جمع کرائیں۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »