ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ گئی ہے،سربراہ عوامی مسلم لیگ
اسلام آباد (فوکس نیوز ۔ 18 اکتوبر 2022ء) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بیک ڈور مذاکرات ہمیشہ ناکام ہوئے ہیں،ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ گئی ہے۔ سابق وزیر داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ جتنی مشکل سے نواز شریف باہر گئے،اُتنی آسانی سے واپس نہیں آئیں گے۔وزراء کی تعداد 76 ہے ان میں سے 20 بے محکمہ اور 25 نے گوشوارے جمع نہیں کروائے۔
انکا کہنا تھا کہ گردشی قرضہ ہوشربا سطح تک پہنچ گیا ہے،اکتوبر اور نومبرمیں آرپار ہوکر رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ بیک چینل مذاکرات ہو بھی رہے ہیں اور نہیں بھی، مذاکرات میں کوئی کلیئریٹی نہیں، سندھی اور بلوچ قوم پرستوں سے تومذاکرات ہوسکتے لیکن ان سے کرنا بڑا مشکل کام ہے، نوازشریف چاہتا ہے کہ الیکشن میں تھوڑی تاخیر ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تیاری کرتے تھے تاریخ تبدیل کردیتے تھے، پھر کہا پولیس نہیں اور سیلاب آ گیا ہے، ووٹرز اور سپورٹرز اور قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم نے حکومت میں شامل جماعتوں کوشکست دی، ووٹرز کو پتا تھا ہم نے اسمبلی میں نہیں بیٹھنا ، پھر بھی ووٹ دیے، یہ ضمنی انتخابات ریفرنڈم تھا۔ ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی باربار کوشش کی گئی، حکومت میں شامل تمام جماعتوں نے الیکشن لڑا، کراچی میں جوایک سیٹ ہارے ہیں وہاں پرپیپلزپارٹی نے کھل کر دھاندلی کی، کراچی کی نشست پردوبارہ الیکشن کرانا چاہیے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کا خاص آدمی ہے۔ ہم پہلے سے چیف الیکشن کمشنر پرعدم اعتماد کرچکے ہیں کیونکہ وہ غیرجانبدارنہیں رہے، ساڑھے 3 سال کہتا رہا کہ ہم سے این آراو مانگ رہے ہیں، سندھ الیکشن کمیشن صوبائی حکومت کے پے رول پر ہے، پیپلزپارٹی نے کراچی میں کھل کر دھاندلی کی، کراچی ملیر کی نشست پر دوبارہ الیکشن کرایا جائے، عوام نے ہمیں ووٹ دیا۔