وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کی جانب سے توسیعی فنڈ سہولت (ای ای ایف) پروگرام کی شرائط میں نرمی کی درخواست پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف عہدیدار نے پاکستان کو قرض کی اگلی قسط میں ملنے والی رقم میں اضافے پر بھی اتفاق کیا ہے، تاہم آئی ایم ایف کے ساتھ بہت سارے معاملات پر مزید بات چیت ہونا ابھی باقی ہے۔
علاوہ ازیں ’دنیا نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ انہوں نے آئی ایم ایف کو سیلاب کے بعد پاکستان کی معاشی صورتحال، کپاس کی فصلوں کی تباہی اور گندم کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے میں ملک کو درپیش مشکلات سے آگاہ کر دیا ہے