سپریم کورٹ کے ججز کی کردار کشی میں کونسی سیاسی جماعت سے جڑے اکاؤنٹس ملوث نکلے
تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ سپریم کورٹ ججز کے خلاف مہم میں ایک سیاسی جماعت سے جڑے اکاونٹس ملوث پائے گئے، ججز کی بیگمات کی ائیر پورٹس پر چیکنگ سے متعلق پرانے خط کو پلاننگ سے استعمال کیا گیا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر عدلیہ، ججز اور ان کے اہلخانہ سے متعلق ہتک آمیز مہمات چلائی گئیں، ایوی ایشن ڈویژن کا 12 اکتوبر کا مراسلہ 60 دن بعد سیاسی جماعت سے وابستہ اکاؤنٹ سے پوسٹ ہوا، سپریم کورٹ نے 18دسمبرکو وضاحت جاری کی پھربھی کردارکشی مہم جاری رہی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگست 2023 میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی بھی کردار کشی کی مہم چلائی گئی، ٹرولز سے ججز کو دباؤ میں لانے کا طریقہ واردات افسوسناک اور قابل مذمت ہے، چیف جسٹس اور ججز کو نشانہ بنانے کا مقصد اہم مقدمات کو متاثر کرنا ہو سکتا ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر اعلیٰ عدلیہ کی ہرزہ سرائی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کر کے کرداروں کو بے نقاب کرنے کی ضروررت ہے۔