سموگ کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت نے طالب علموں کے سکول آنے جانے کے حوالے سے نجی سکولوں پر نئی پابندی لگا دی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق نگران صوبائی حکومت کی طرف سے نجی سکولوں کو پابند کر دیا گیا ہے کہ وہ اپنے کم از کم 60فیصد طالب علموں کے لیے سکول بسوں کا انتظام کریں اور ان طالب علموں کی سکول آمدورفت کو بسوں پر یقینی بنائیں۔
رپورٹ کے مطابق نجی سکولوں کے زیادہ تر طالب علم ذاتی گاڑیوں پر یا پرائیویٹ وین سروس کے ذریعے سکول آتے جاتے ہیں، چنانچہ حکومت کے اس اقدام کی بدولت گاڑیوں سے پھیلنے والی فضائی آلودگی پر کافی حد تک قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس حوالے سے تمام پرائیویٹ سکولوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سکولوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نئی بسیں خریدیں اور ثبوت کے طور پر سرٹیفکیٹس حکومت کو دکھائیں۔