لوگ والدین سے تعلق کیوں ختم کر دیتے ہیں؟ ماہرین نے حیران کن وجوہات بتا دیں

لوگ والدین سے تعلق کیوں ختم کر دیتے ہیں؟ ماہرین نے حیران کن وجوہات بتا دیں
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایسے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جن میں نوجوان اپنے والدین سے ناطہ توڑ لیتے ہیں۔ بظاہر یہ قدم بے رحمی سمجھا جاتا ہے، مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے پیچھے کئی سنجیدہ نفسیاتی اور جذباتی وجوہات ہوتی ہیں۔
ماہرین نفسیات کے مطابق بعض افراد بچپن میں والدین کی جانب سے ذہنی، جسمانی یا جذباتی زیادتی کا سامنا کرتے ہیں، جو ان کے ذہن پر ایسے نقوش چھوڑتی ہے کہ بالغ ہونے کے بعد وہ والدین سے مکمل لاتعلقی کو ہی نجات سمجھتے ہیں۔
اسی طرح کچھ رشتے اتنے زہریلے (toxic) ہو جاتے ہیں کہ مسلسل شرمندگی، مداخلت، اور بداعتمادی اولاد کو اپنے دفاع میں رشتہ ختم کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔
فرقِ اقدار، مذہبی یا سیاسی اختلافات، یا ذاتی آزادی میں مداخلت بھی ان اسباب میں شامل ہیں جن کی وجہ سے رشتے میں دراڑیں آتی ہیں۔ بعض اوقات شریکِ حیات یا قریبی رشتہ دار بھی والدین اور اولاد کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کر دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ رشتہ توڑنا کسی کے لیے بھی آسان فیصلہ نہیں ہوتا، لیکن اگر تعلق مسلسل ذہنی اذیت کا باعث بنے تو یہ قدم مجبوری بن جاتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بات چیت، معافی اور مشاورت جیسے راستے پہلے اختیار کیے جانے چاہئیں، اور اگر فاصلہ ضروری ہو تو عزت اور نرمی کے ساتھ کیا جانا چاہیے، نفرت کے ساتھ نہیں۔