ٹرمپ کا پیوٹن پر شدید حملہ: “وہ بالکل پاگل ہو چکا ہے”

ٹرمپ کا پیوٹن پر شدید حملہ: “وہ بالکل پاگل ہو چکا ہے”
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو “بالکل پاگل” قرار دیتے ہوئے روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کا عندیہ دیا ہے۔ یہ بیان روس کی جانب سے یوکرین پر اب تک کے سب سے بڑے ڈرون اور میزائل حملے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں 355 ڈرونز اور 9 کروز میزائل داغے گئے، اور کم از کم 12 شہری ہلاک ہوئے۔
ٹرمپ نے نیو جرسی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: “میں نہیں جانتا کہ پیوٹن کو کیا ہو گیا ہے۔ وہ شہروں پر راکٹ برسا رہا ہے اور لوگوں کو مار رہا ہے، اور مجھے یہ بالکل پسند نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا: “میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ پورا یوکرین چاہتا ہے، صرف ایک حصہ نہیں، اور شاید یہ درست ثابت ہو رہا ہے، لیکن اگر وہ ایسا کرتا ہے تو یہ روس کے زوال کا سبب بنے گا۔”
ٹرمپ نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی پر بھی تنقید کی، یہ کہتے ہوئے کہ ان کا اندازِ گفتگو مسائل پیدا کر رہا ہے اور انہیں “اپنے الفاظ پر قابو پانا چاہیے”۔
کریملن نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ “جذباتی دباؤ” کا نتیجہ ہے اور اس وقت تمام فریقین جذباتی دباؤ کا شکار ہیں۔