شہباز شریف کا بڑا اعلان: فری مارکیٹ سے بجلی مزید سستی، 4743 ارب روپے کی بچت کا منصوبہ

شہباز شریف کا بڑا اعلان: فری مارکیٹ سے بجلی مزید سستی، 4743 ارب روپے کی بچت کا منصوبہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں انقلابی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں عنقریب بجلی کی پیداوار کے لیے فری مارکیٹ قائم کی جائے گی تاکہ مسابقتی نظام کے ذریعے بجلی کی قیمتیں مزید کم کی جا سکیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت Integrated Generation Capacity Expansion Plan (IGCEP) 2024-2034 کے اجلاس میں بتایا گیا کہ مہنگے منصوبوں کو پلان سے نکالنے اور تکمیل کی تاریخوں میں تبدیلی سے پاکستان کو 17 ارب ڈالر، یعنی 4743 ارب روپے کی ممکنہ بچت ہوگی۔
وزیراعظم نے دیامر بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی، تاکہ پانی کے ذخائر اور بجلی کی پیداوار میں بہتری لائی جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ IGCEP کا دوبارہ جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ 7967 میگا واٹ کے مہنگے منصوبوں کو خارج کیا جا رہا ہے، جس سے بجلی سستی ہونے کے ساتھ ساتھ منصوبوں کی بروقت تکمیل بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ توانائی کے منصوبوں میں تاخیر اب قابل قبول نہیں اور فری مارکیٹ کے قیام سے نہ صرف صارفین کو ریلیف ملے گا بلکہ پاور سیکٹر میں شفافیت اور مقابلے کا رجحان بھی بڑھے گا۔