پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آج سے بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آج سے بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور آندھی کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔ یہ بارشیں 24 اور 25 مئی کو متوقع ہیں، جو موجودہ شدید گرمی کی لہر میں وقتی کمی لا سکتی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، سوات، نوشہرہ، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ، اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اور ملتان سمیت کئی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں، گرج چمک، اور کہیں کہیں ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے (NDMA) نے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خاص طور پر کمزور ڈھانچے، بجلی کے کھمبے، اور درختوں کے قریب جانے سے پرہیز کریں۔
یہ بارشیں فصلوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتی ہیں، لیکن شہری علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔