سٹارلنک کو فوری لائسنس جاری نہ کرنے کا فیصلہ، مستقل رجسٹریشن مکمل کرنا لازمی قرار

سٹارلنک کو فوری لائسنس جاری نہ کرنے کا فیصلہ، مستقل رجسٹریشن مکمل کرنا لازمی قرار
پاکستان نے امریکی کمپنی اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس “سٹارلنک” کو فوری طور پر لائسنس جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے واضح کیا ہے کہ سٹارلنک کو مکمل آپریشنل لائسنس صرف اسی صورت میں دیا جائے گا جب وہ پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (PSARB) سے مستقل رجسٹریشن مکمل کرے۔ فی الحال سٹارلنک کے پاس صرف عارضی رجسٹریشن ہے، جو 21 مارچ 2025 کو دی گئی تھی۔
PSARB اس وقت سٹارلنک کی مستقل رجسٹریشن کے لیے تکنیکی اور ریگولیٹری معاملات کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ جب تک یہ عمل مکمل نہیں ہوتا، PTA نے لائسنس جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
اس تاخیر کے باوجود، سٹارلنک پاکستان میں اپنی سروسز کے آغاز کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بتایا تھا کہ سٹارلنک اور چین کی کمپنی شنگھائی اسپیس پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ مارکیٹ میں اہم کردار ادا کریں گی، اور سروسز کا آغاز نومبر یا دسمبر 2025 تک متوقع ہے۔