نیو دہلی بھارت میں ماں کی لاش کو ایک سال تک گھر میں رکھنے والی 2بہنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے،مقامی میڈیا کے مطابق بھارت میں اپنی طرز کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک سال تک اپنی مردہ ماں کی لاش کو گھر میں رکھنے والی 2بہنوں کو گرفتار کر لیا گیاہے ، ریاست اترپردیش کے شہر ورانسی کی رہائشی 2بہنیں ایک سال سے اپنی مردہ والدہ کی لاش کے ساتھ گھر میں ہی رہ رہی تھیں.
رپورٹس کہ مطابق خاتون کی پچھلے سال دسمبر میں موت ہو گئی تھی لیکن ان کی بیٹیوں نے ان کی آخری رسومات ادا نہیں کیں اور لاش کو گھر کے ایک کمرے میں بند کر رکھا تھا تاہم ایک سال بعد واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور دونوں بہنوں کا بھید کھول دیا،پولیس نے بتایا کہ 52سالہ اوشا ترپاٹھی نامی خاتون لمبی بیماری کے بعد گزشتہ سال فوت ہو گئیں تھیں، خاتون کا شوہر دو سال قبل گھر چھوڑ کر جا چکا تھا اور اپنی بیوی کی موت کے بعد بھی گھر نہیں آیا تھا جبکہ ان کی دو بیٹیوں 27سالہ پلوی ترپاٹھی اور 18سالہ ویشوک ترپاٹھی نے اپنی ماں کی موت کے بعد ان کی آخری رسومات ادا نہیں کیں اور لاش کو کمرے میں رکھ کر تالا لگا رکھا تھا.
مقامی پولیس کے مطابق دونوں بہنیں پچھلے ایک ہفتے سے گھر سے باہر نہیں گئی تھیں اور مستقل طور پر دروازہ بند ہونے کی وجہ سے پڑوسیوں کو شک ہوا اور انہوں نے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن جب وہ نہ کھلا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی،پڑوسیوں کی اطلاع پر جب پولیس موقع پر پہنچی اور گھر کا دروازہ نہ کھلنے پر پولیس نے اسے توڑا اور پھر تلاشی کے دوران کمرے کا دروازہ بھی توڑا اور اندر داخل ہوئے تو لاش پڑی ہوئی تھی، دونوں بہنیں بھی ایک ہی کمرے میں بیٹھی پائی گئیں، پولیس نے دونوں بہنوں کو حراست میں لے لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔