بلاول زرداری اور مریم نواز کی باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتا، بیان بازی کی شدت الیکشن کی تصدیق کر رہی ہے
بلاول زرداری اور مریم نواز کی باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتا، بیان بازی کی شدت الیکشن کی تصدیق کر رہی ہے
پاکستان کے نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہتے ہیں کہ بلاول اور مریم کی باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتا، بیان بازی کی شدت الیکشن کی تصدیق کر رہی ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ہوں گے اور جمعرات 8 فروری 2024 کو ہی ہوں گے۔ انتخابی شیڈول الیکشن کمیشن دے گا، 16 دسمبر سے پہلے انتخابی شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کا کیس 4 دہائیوں کے بعد سماعت کیلئے مقرر ہوا، بظاہر کیس میں بہت زیادہ بےضابطگیاں نظر آرہی ہیں، امید ہےعدالت جن کو بلائے گی وہ سب سچ ہی بولیں گے۔
ملک میں غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کو نکالنے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن پاکستان میں نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جمہوری تاریخ میں بہت سی حکومتیں اپنی مدت پوری نہیں کرسکیں، جمہوریت کا مستحکم نہ ہونا ہماری ناکامی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔نواز شریف کے کیسز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس طرح کی باتیں کرتے ہیں وہ اصل میں پاکستان کے عدالتی نظام پر سوال اٹھا رہے ہیں، وہ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ جو عدالتیں ہیں وہاں فکس میچ ہو رہا ہے اور یہ سارا ڈرامہ ہورہا ہے’۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں یہ زیادتی ہے، انہی عدالتوں نے سب کو انصاف فراہم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل کے پابند ہیں، ہمارے پاس تعاون نہ کرنے کا آپشن موجود ہی نہیں ہے۔