نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر غزہ کی پٹی پر بمباری بند نہ کی گئی تو پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسکائی نیوز العربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کوپ 28 کےکامیاب انعقاد پر یو اے ای کی قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کوپ 28 میں 30 ارب ڈالرز کے فنڈز کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہے، دنیا کو اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
قائم مقام وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کا نقصان ہوا ہے اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے اربوں ڈالر کے اعلان سے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے لڑنے میں مدد ملے گی۔
اسرائیل فلسطین جنگ پر اپنے خطاب میں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اگر غزہ کی پٹی پر بمباری بند نہ کی گئی تو پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ شاید اس کے بعد سرحدوں کی بندشیں رک جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔
اس گفتگو میں پاکستانی وزیر اعظم نے پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان تارکین وطن کی واپسی کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی پوزیشن کی وضاحت کی اور بتایا کہ پاکستان نے سیاسی، سماجی اور دہشت گردی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔