وزیراعلیٰ ہاؤس کے سارے خرچے اپنی جیب سے کررہا ہوں،حرام کھانے والے پر لعنت بھیجتا ہوں،محسن نقوی
نگران وزیراعلیٰ پنجاب جناب محسن نقوی صاحب کاکہناہے کہ مستقبل میں سیاست میں آنے کا کسی قسم کا کوئی ارادہ نہیں،ہم نے وزیراعلیٰ ہاؤس کا ہر قسم کا فنڈ بند کر دیا ہے،میں وزیراعلیٰ ہاؤس کا سارے خرچے اپنی جیب سے کررہا ہوں،حرام کھانے والے پر لعنت بھیجتا ہوں،بجلی کا استعمال بھی تقریبا 3گنا کم کر دیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بتایا کہ راوی پل فروری میں مکمل کر دیا جائے گا، شاہدرہ اور امامیہ کالونی پل بھی جلد ہی بن جائیں گے۔ان کا مزید اکہناتھا کہ جو نامکمل تھے ان تمام منصوبوں کو ٹارگٹ کیا ہے،یہ میں ضرور کہوں گا کہ منصوبوں پر تاخیر کی جاتی تھی،ہم نے وقت سے پہلے منصوبے مکمل کئے، سارا کریڈٹ ٹیم کو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی باراس سال ایک کروڑ لائسنس بنے ہیں،لائسنس نہ ہونے پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی،ان کا مزید کہناتھا کہ ہم مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں شامل ہیں،کرسمس پر ہر طرح کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔