’’میں اپنی ماں کیساتھ ہوں‘‘ عثمان ڈار نے اہم اعلان کردیا
سابق رہنما پاکستان تحریک انصاف عثمان ڈار نے سیالکوٹ میں اپنی والدہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 9مئی کو میرے گھر پر حملہ کروایا گیا،اس حملے کے پیچھے بھی خواجہ آصف ہاتھ تھا،خواجہ آصف کے کہنے پر ڈی پی او حسن نے میرے گھر پر حملہ کیا،کل رات بھی سیالکوٹ کی پولیس نے خواجہ آصف کے کہنے پر میرے گھر پر پھر دوبارہ حملہ کیا۔
انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سیالکوٹ کی عوام کی نظریں آپ کی طرف ہیں،ڈی پی او حسن کے ہوتے ہوئے سیالکوٹ میں کوئی فری اینڈ فیئر الیکشن ممکن نہیں ،8فروری کو خواجہ آصف کو جتوانے کیلئے الیکشن کو لوٹا جائے گا۔
عثمان ڈار نے مزید کہاکہ میں چیف جسٹس پاکستان سے استدعاکرتا ہوں کہ میری ماں بار بار عدالتوں سے انصاف مانگ رہی ہے مگر میری ماں کو انصاف نہیں مل رہا،میں امید کرتا ہوں کہ آپ میری ماں اور میری گھر کی خواتین کو انصاف دلائیں گے۔
عثمان ڈار نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف الیکشن کے میدان میں میری ماں کا مقابلہ کرو، میں اپنی ماں کیساتھ کھڑا ہوں اور دیکھتا ہوں الیکشن میں کون میری ماں کیساتھ ظلم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔