قائد اعظم محمد علی جناح کا 147واں یومِ پیدائش: مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب
قائد اعظم محمد علی جناح کا 147واں یومِ پیدائش: مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب
پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کا 147 واں یومِ ولادت آج ملی و قومی جوش و جذبے سے پورے ملک میں منایا جا رہا ہے۔
دن کی ابتدا وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوئی، قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کو تبدیل کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔مزار قائد پر پاکستان ملٹری اکیڈمی (کاکول) کے مستعد دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئےہیں، تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چودھری تھے۔ تقریب کے دوران بانی پاکستان کو قوم کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔
مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چودھری نے مزار پر پھولوں کا گلدستہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی، مہمانوں کی کتابوں میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں اسی مناسبت سے سیمینارز، کانفرنسز اور تقاریب ہر سال کی طرح اس سال بھی منعقد کی جائیں گی۔
اگر ہم آپ کی لائف ہسٹری پر ایک طائرانہ نظر ڈالیں توقائد اعظم محمد علی جناحؒ 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، وہ ایک تاجر گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، ابتدائی تعلیم کراچی میں ہی حاصل کرنے کے بعد لندن سے وکالت کا امتحان پاس کیا ، جناح کو سیاست میں گہری دلچسپی تھی۔
قائد اعظم محمد علی جناحؒ انڈین نیشنل کانگریس میں بھی شامل ہوئے جہاں سے ان کے شاندار سیاسی کیریئر کا آغاز ہوا اور وہ پاکستان کی آزادی میں سب سے زیادہ بااثر شخصیت بن کر ابھرے، بصیرت رکھنے والےعظیم رہنما کی انتھک محنت سے پاک وطن بالآخر دنیا کے نقشے پر ابھر آیا۔