اسرائیلی فوج نے غزہ میں قبروں کو بھی بلڈوزروں سے اکھاڑ ڈالا
العربیہ اردو کے مطابق غزہ پر اسرائیلی جنگ مسلسل جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کو ملبے کا ڈھیر بنا کر رکھ دیا ہے۔ پورے پورے محلے راکھ کا ڈھیر بنانے کے بعد قبرستانوں کو بھی نہیں بخشا جا رہا۔ قابض فوج نے کئی مقامات پر ٹینکوں اور بلڈوزروں کی مدد سے قبریں بھی اکھاڑ ڈالیں اور بربریت کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
اسرائیلی فوج کی ظلم سے غزہ میں انسان، حیوان، شجر اور حجر کوئی بھی محفوظ نہیں رہا۔ صہیونی فوج نے تباہی کا ایک قدم اور بڑھاتے ہوئے الزیتون کالونی میں مکمل قبرستان اکھاڑ پھینکا۔ قبروں سے لاشیں نکال پھینکیں اورقبروں کا نام ونشان بھی مٹا دیا۔
اسرائیلی بلڈوزر نے غزہ شہر کے شمال میں جبالیہ کے علاقے میں بھی قبروں کواکھاڑ پھینکا اورالزیتون میں بھی قبرستان ملیا میٹ کردیے۔
ٹینکوں نے جبالیہ میں الفلوجہ محلے میں قبروں کے پتھروں کو روندنے اور کچلنے کے بعد تباہ کر دیا۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جھڑپوں کے دوران بلڈوزروں کے ذریعے قبروں کی مسماری کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے سینکڑوں قبروں کو بلڈوز کر کے ان کے اندر موجود قبروں کو کچرے کے ڈھیروں کے ساتھ ساتھ ان سے مردہ افراد کی لاشیں نکال دیں۔