آج تک آپ نے گھروں کو کرائے پر دینا اور کرائے کے گھروں میں رہنا تو بہت سنا ہے لیکن کیا کوئی سوچ بھی سکتا ہے کہ کوئی خاتون اپنا آدھا بستر ہی کرائے پر دینے کی پیشکش کرسکتی ہے؟
جی ہاں! ایسا حال ہی میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے تعلق رکھنے والی خاتون نے کیا ہے جن کی یہ عجیب و غریب پیشکش سن کر ہر کوئی حیران و ششدر ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈا کی مہنگی ترین ہاؤسنگ مارکیٹ ٹورنٹو میں مکانوں کے کرائے آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ مذکورہ خاتون نے اپنے بستر کا آدھا حصہ کرائے پر دینے کے لیے فیس بک مارکیٹ پلیس پر اشتہار لگادیا ہے۔
اشتہار سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا اور لوگوں نے اس پرزور و شور سے تبصرے شروع کردیے۔
ٹورنٹو میں مقیم رئیل اسٹیٹ ایجنٹ انیا ایٹنگر کی جانب سے یہ اشتہار انسٹاگرام پروفائل پر شیئر کیا گیا جس میں ایک خاتون 900 کینیڈین ڈالرز (663.76 امریکی ڈالرز اور 188567 پاکستانی روپے ) ماہانہ میں اپنا آدھا بستر کرائے پر دینے کی پیشکش کررہی ہیں۔
انیا ایٹنگر نے پوسٹ میں تفصیل سے بتایا کہ ماسٹر بیڈ روم میں کنگ سائز کا بیڈ شیئر کرنے کے لیے ایک خاتون روم میٹ کی تلاش میں ہیں۔
انہوں نے کیپشن میں لکھا ٹورنٹو کی رینٹل مارکیٹ اب اس سے زیادہ مزید خراب نہیں ہوسکتی کہ حالت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ اب بستر تک کرائے پر دئے جارہے ہیں۔
اشتہار دینے والی خاتون نے واضح کیا کہ وہ کسی ایسی خاتون کی تلاش میں ہیں جو ان کے ساتھ بستر شیئر کرلیں، وہ اس سے قبل بھی فیس بک کے ذریعے ایک خاتون کو اپنا آدھا بستر کرائے پر دے چکی ہیں اور وہ دونوں آرام سے سوتے تھے۔