FocusNews Pakistan Largest News Network فوکس نیوز

چور ڈکیتی کے دوران سو گیا، خراٹوں کی آواز سے پکڑا گیا

  ڈکیتی کے بہت سے واقعات آپ نے دیکھے سنے  ہوں گے جہاں چور پکڑا گیا ہو، مگر چین میں ایک الگ اور انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں چور ڈکیتی کے دوران نیند آنے پر سو گیا اور پکڑا گیا۔  
ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ایک ڈاکو 8 نومبر کی رات جنوب مغربی چین کے صوبہ یونان میں ایک گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہوا، لیکن اندر سے لوگوں کی آوازیں سن کر وہ گھبرا گیا۔ لہذا اس نے گھر کے مالکان کے سونے تک الگ کمرے میں انتظار کرنے کا فیصلہ کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ملزم نے انتظار کرنے کے دوران سگریٹ سلگایا اور اس کے کش لگاتا لگاتا سو گیا۔ 

کچھ دیر بعد جب گھر کی مالک، جن کا نام تانگ بتایا جاتا ہے، سونے گئیں تو انہیں زوردار خراٹوں کی آواز نے جگا دیا، جسے انہوں نے ابتدائی طور پر یہ سمجھ کر نظر انداز کر دیا کہ یہ آواز شاید کسی پڑوسی کے گھر سے آ رہی ہے۔ 

جب تانگ 40 منٹ بعد اپنے بچے کی دودھ کی بوتل دھونے کے لیے اپنے بیڈ روم سے نکلیں، تو انہوں نے سنا کہ خراٹوں کی آواز مزید بلند سے بلند ہوگئی ہے جس پر انہیں احساس ہوا کہ یہ آواز ان کے اپنے گھر کے دوسرے کمرے سے ہی آرہی ہے۔ 

جب انہوں  نے کمرے کا دروازہ کھولا تو وہ ایک انجان شخص کو فرش پر سوتے دیکھ کر حیران و ششدر رہ گئیں۔ تانگ جلدی سے کمرے سے نکل گئیں، اپنے گھر والوں کو بتایا اور پولیس کو بلایا، جس کے بعد چور کو گرفتار کر لیا گیا۔ چور کا نام یانگ بتایا جاتا ہے اور اس کا مجرمانہ ریکارڈ تھا۔ اسے 2022 میں چوری کے الزام میں پہلے بھی جیل بھیجا گیا تھا۔ ستمبر میں رہا ہونے کے بعد اس نے اپنا ’پرانا پیشہ‘ دوبارہ شروع کیا۔ پولیس کے مطابق یہ کیس ابھی زیر تفتیش ہے۔

Previous Post
Next Post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »