محکمہ موسمیات کے مطابق کل یعنی بروز اتوار ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے نے بھرپور انداز میں اثرانداز ہونا شروع کر دیا ہے جس کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں شدید سردی پڑنے کے امکانات بہت بڑھ گئے ہیں، ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے کی وجہ سے بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقے بارش اور ژالہ باری کی زد میں ہیں۔بلوچستان کے کئی اضلاع موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی زد میں ہیں، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو ضلع گوادر سمیت چاغی،دالبندین،قلات،خضدار،نوشکی، واشک خاران،پنجگور، کیچ، تربت، پسنی، مکران، لسبیلہ اور جیوانی میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جا ری رہا۔گزشتہ روز کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد موسم بہت زیادہ خوشگوار ہوگیا۔ مختلف علاقوں میں رات کو بھی گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔سندھ کے اندرونی علاقوں ٹھٹھہ، حیدرآباد، ٹنڈوالہیار اور دادو میں بھی بارش کے بعد موسم بہت زیادہ ٹھنڈا ہوگیا۔