فحش فلموں کی سابق لبنانی نژاد امریکی اداکارہ میا خلیفہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف شروع سے ہی کھل کر آواز اٹھاتی آرہی ہیں اور اب امریکہ میں تین فلسطینی طالب علموں پر فائرنگ کے واقعے پر بھی وہ چپ نہیں رہ سکیں او راس حوالے سے انہوں نے انسانی حقوق کے کارکن ارجن سیٹھی کی ایک ایکس پوسٹ کو ری پوسٹ بھی کیا ہے۔
نیوز ویک کے مطابق اس پوسٹ میں ارجن سیٹھی نے لکھا ہے کہ تین فلسطینی کالج سٹوڈنٹس کو امریکی ریاست ورماﺅنٹ میں گولیاں ماری گئیں۔ ان طالب علموں میں سے دو نے ’کوفیة‘ (مخصوص فلسطینی مفلر)پہن رکھا تھا۔ارجن سیٹھی نے اپنی پوسٹ میں ایک تصویر بھی پوسٹ کی جس میں بتایا گیا ہے کہ کوفیة کے ڈیزائن کے اجزاءکس کس چیز کی عکاسی کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق واردات کے دن طالب علموں پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ واردات امریکی ریاست ورماﺅنٹ کے شہر برلنگٹن میں ہوئی۔ طالب علم رات کے وقت کھانے کے لیے جا رہے تھے جب ان پراندھا دھند فائرنگ کر دی گئی۔
پولیس کی طرف سے 48سالہ جیسن جے ایسٹن نامی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم موقع واردات کے سامنے ہی ایک اپارٹمنٹ میں رہتا تھا۔ اس کے اپارٹمنٹ کی تلاشی کے دوران اہم شواہد ہاتھ لگے ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ اسی نے طالب علموں پر فائرنگ کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق تینوں طالب علموں کی عمر 20سال تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم ایک ہینڈ گن کے ساتھ طالب علموں کے سامنے آیا اور ان سے کوئی بات کیے بغیر ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تینوں زخمی ہو گئے۔ دو طالب علموں کی ہسپتال میں حالت مستحکم بتائی جاتی ہے تاہم تیسرا طالب علم تشویشناک حالت میں بتایا جا رہا ہے۔طالب علموں میں ہشام عورطانی براﺅن یونیورسٹی، کنعان عبدالحمید ہیورفورڈ کالج پنسلوانیا اور تحسین احمد کنیکٹیکٹ کے ٹرینٹی کالج میں زیر تعلیم تھا۔