پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ ’ہم بھی انڈیا جانا نہیں چاہتے
لیکن ہمارے مداح کہتے ہیں کہ آپ انڈیا کو جواب دیں۔‘رمیز راجہ نے سکائی سپورٹس میں انگلینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر مائیکل ایتھرٹن کو دیے گئے انٹرویو میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان باہمی مقابلوں، پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز اور پی سی بی کے انتظامی امور کے بارے میں بتایا۔
رمیز راجہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے بارے میں کہتے ہیں کہ ’سب سے پہلے تو سکیورٹی کا مسئلہ تھا اور پھر کرکٹ کا مسئلہ تھا کہ ہم کہاں پر میچ کروائیں، کیونکہ یہ ہمارا سیزن نہیں ہے، اس موسم میں سموگ ہوتی ہے۔‘رمیز راجہ نے مزید کہا کہ ’اس سے پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان تعلقات اچھے ہوچکے ہیں، ہمیں پہلے لگا کہ ہمارے ساتھ دھوکہ ہوا ہے جب نیوزی لینڈ کی ٹیم والا واقعہ ہوا، ہم مایوس تھے، مداح مایوس تھے، لیکن پھر ای سی بی نے اچھا کام کیا۔‘
سکیورٹی کے بارے میں رمیز راجہ کہتے ہیں کہ ’پاکستان میں اتنا مسئلہ نہیں ہے، لیکن مسئلہ ہماری سرحدوں پر ہے، مجھے امید ہے کہ دو سے تین سال میں چیزیں بہتر ہوجائیں گے۔‘