(پی سی بی) نے (پی ایس ایل) کے آئندہ آٹھویں ایڈیشن کے ڈرافٹ میں گولڈ کیٹیگری میں انتخاب کے لیے دستیاب بین الاقوامی کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی
انگلینڈ سے 130 سے زائد کھلاڑی مختلف کیٹیگری میں رجسٹرڈ ہیں اور آسٹریلیا سے 16 کھلاڑیوں نے پی ایس ایل ڈرافٹ میں نام دیے ہیں
جب کہ سری لنکا کے 60 سے زائد، افغانستان سے 45 اور بنگلادیش سے 30 کھلاڑی فہرست میں شامل ہیں۔
فہرست کے مطابق زمبابوے کے کپتان کریگ ارون، آئرلینڈ کے کپتان اینڈی بالبرنی، آسٹریلوی ہارڈ ہٹر بین ڈنک اور سری لنکن اسٹار دنیش چندیمل کو آٹھویں سیشن کے لیے گولڈ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ افغانستان کے ابراہیم زدران، جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما اور انگلینڈ کے کرکٹر جو ڈینلی، سبھی نے گولڈ کیٹیگری میں نام درج کرایا ہے۔
دیگر نمایاں ناموں میں لٹن داس، شیلڈن کوٹریل، ظاہر خان، شان ولیمز، شمارہ بروکس، جارڈن کلارک، جیک بال، ڈوم بیس اور متعدد دیگر بین الاقوامی کرکٹرز شامل ہیں۔
2023 ایڈیشن کا ڈرافٹ 15 دسمبر کو کراچی میں ہوگا، ٹورنامنٹ 9 فروری سے 19 مارچ کے درمیان کراچی، ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں ہوگا۔ اس پیشرفت کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر عثمان واہلہ نے کہا کہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو فرنچائز کرکٹ کے آئندہ ایڈیشن میں بڑے نام نظر آئیں گے۔ گزشتہ ہفتے بتایا گیا تھا کہ سیشن آٹھویں کی افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی جبکہ فائنل میچ سمیت تمام پلے آف میچز لاہور میں ہوں گے۔