ہمارا مارچ فیروزوالا رکا، وہاں سے لاہور قریب تھا اسی لیے لاہور آیا، اگر کبھی مذاکرات ہوئے تو قبل از وقت شفاف انتخابات ہی میرا مطالبہ ہو گا: چئیرمین تحریک انصاف کا ٹوئٹ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 اکتوبر 2022ء ) عمران خان نے مذاکرات کی اطلاعات افواہیں قرار دے دیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات شروع ہونے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ان تمام لوگوں کے لیے جو لاہور میں میرے میٹنگ کے بارے میں افواہیں پھیلا رہے ہیں۔
ہماری واپسی کی وجہ یہ تھی لانگ مارچ جس جگہ پر رکا ہے وہاں سے لاہور قریب تھا اور ہم نے فیروز والا سے لانگ مارچ کو آگے نہ لے جانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ میں گزشتہ چھ ماہ سے ایک ہی مطالبہ کر رہا ہوں جلدی ، منصفانہ انتخابات کروائے جائیں اور اس کی تاریخ دی جائے، اگر مذاکرات ہوتے ہیں تو میرا یہی مطالبہ ہو گا۔
اس سے قبل اے آر وائی نیوز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ تحریک انصاف کے ساتھ لانگ مارچ سے متعلق بیک ڈور مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔
بتایا گیا کہ مشترکہ دوستوں کے ذریعے تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کروائے جا رہے ہیں، اس حوالے سے صدر مملکت عارف علوی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جبکہ تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عمران خان انتہائی اہم میٹنگ کیلئے لاہور چلے گئے ہیں۔ عمران خان فیروزوالا میں اپنے خطاب کے بعد لاہور کیلئے روانہ ہوئے۔
فیروز والا میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے راوی ریان سے آگے لانگ مارچ کے دوسرے روزکے اختتام کا اعلان کردیا۔ انہوں نے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی آزادی دیتا نہیں چھیننا پڑتی ہے، آزادی پلیٹ میں رکھ نہیں ملتی، زنجیروں کو توڑنا پڑتا ہے جس نے عوام کو غلام بنایا ہوا ہے، آج ملک کے سب سے بڑے ڈاکو کو ہم پر مسلط کیا گیا ہے، ہم نے ملک کو ان چوروں سے آزاد کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ میں آپ سب نے میرے ساتھ شرکت کرنی ہے۔سب لوگ اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کریں۔ہم حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس سے قبل لانگ مارچ کے دوسرے روز کے آغاز کے موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شاہدرہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 70 سال کی عمرمیں کیوں سڑکوں پر نکل ہوا ہوں؟ چاہتا ہوں نوجوانوں کی تربیت ہو تاکہ انہیں پتہ چلے آزادی کیا ہوتی ہے۔
مجھے کسی چیز کی کمی نہیں،اللہ تعالٰی نے سب کچھ دیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا شرم سے ڈوب مرنا چاہیے کہ بزرگ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا،اعظم سواتی پر اس کے اہلخانہ کے سامنے تشدد کیا گیا۔ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم انسان ہیں،بھیڑ بکریاں نہیں،کبھی بھی غلام کی پرواز اونچی نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز گِل پر تشدد کیا گیا، میڈیا کو دھکمیاں دی جا رہی ہیں۔
جو ملک میں ظلم ہو رہا ہے وہ نظر نہیں آ رہا؟ مجھ پر دہشت گردی کا کیس بنایا گیا،ہمارا حق ہے کہ ہمیں انصاف دیں،انسانی معاشرے میں انصاف ہوتا ہے، کون لوگ تھے ارشد شریف کی والدہ سے پوچھیں لیں۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے حلیف سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو مشورہ دے سکتا ہوں، سیاستدان اپنا راستہ نہیں بند کرتا۔مذاکرات الیکشن کی تاریخ پر کریں تو کرنے چاہئیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ حکمران لانگ مارچ سے خوفزدہ ہیں، قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔مجھے گرفتار کرنے کیلئے حکومت ہر کوشش کررہی ہے۔ ایف آئی اے کی ٹیمیں تھانہ وارث خان راولپنڈی پہنچ چکی ہیں۔ ایف آئی اے کی ٹیمیں لال حویلی پر چھاپہ مارنے کے لیے پہنچیں۔ راولپنڈی کے عوام عمران خان کے ساتھ باہر نکلیں گے، عمران خان کا لاہور میں اچھا استقبال ہوا ، راولپنڈی میں بھی تاریخی خیر مقدم ہو گا۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چاہے میں گرفتار ہوں یا نہ ہوں عمران خان کا اچھا استقبال ہوگا۔ نسلی اور اصلی مشکل میں ساتھ کھڑا ہوتا ہے، اداروں سے کوئی لڑائی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں شاہدرہ سے ساتھ نہیں جارہا، گجرات سے ساتھ ہوں گا۔ ایک سیٹ کی سیاست کرتا ہوں،7 سال سے اسی پر الیکشن لڑتا ہوں۔