بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی ناقص کارکردگی کے باوجود صرف اللہ تعالی نے مین ان گرین کو ایونٹ کے فائنل تک پہنچنے میں مدد کی: سابق
لاہور (فوکس نیوز ۔ 14 نومبر 2022ء ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء کے فائنل میں پاکستان کی رسائی کے بارے میں حیران کن تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سڈنی میں سیمی فائنل کے بعد فائنل میں شکست متوقع تھی۔ فائنل کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی ناقص کارکردگی کے باوجود صرف اللہ تعالی نے مین ان گرین کو ایونٹ کے فائنل تک پہنچنے میں مدد کی۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہم نے فائنل میں کھیلا ایک بڑی بات ہے، ہم فائنل کھیلنے کے لائق نہیں تھے، پوری دنیا جانتی ہے کہ ہم فائنل میں کیسے پہنچے، اللہ نے وہاں تک پہنچنے میں ہماری مدد کی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بابر اعظم کی زیرقیادت پاکستان کا ٹورنامنٹ کا آغاز خراب رہا، بھارت اور زمبابوے کے خلاف اپنے پہلے دو میچ ہار کر ایونٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر پہنچ گئے۔
بعد ازاں ایونٹ میں گرین شرٹس نے شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے نیدرلینڈز، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کو شکست دی اور سڈنی میں پہلے سیمی فائنل میں کین ولیمسن کی نیوزی لینڈ کو شکست دی۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں فائنل میں بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کو مشکل وقت دینے پر پوری دنیا کے سابق کرکٹرز نے مین ان گرین کی تعریف کی۔